(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے قائم مقام سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور قابض صہیونی دشمن کی جارحیت کے سامنے ان کی غیر متزلزل استقامت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اپنی سرزمین سے کبھی بھی بے دخل نہیں کئے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ قابض دشمن کا مقصد غزہ میں قتل عام کرنا اور فلسطینیوں کو بے گھر کرنا ہے، اور وہ مزاحمت کو نشانہ بنا کر اس کی جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈاکٹر الحیہ نے صہیونی جارحیت کی مسلسل نگرانی اور غزہ کے شہریوں،اسپتالوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ، مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور اندرون فلسطین کے تمام علاقوں میں اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ، غزہ میں فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کی پالیسی کو بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے، اور قابض ریاست شمالی غزہ میں بچوں کے لیے ضروری طبی سامان کی فراہمی روک رہی ہے۔ الحیہ نے جنوبی غزہ میں امدادی سامان کی لوٹ مار کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ کارروائیاں قابض ریاست کی سرپرستی میں ہو رہی ہیں۔
آخر میں، ڈاکٹر خلیل الحیہ نے فلسطینی مزاحمت کے عزم اور طاقت کو تسلیم کیا اور کہا کہ تمام مزاحمتی دھڑے دشمن کے خلاف متحد ہو کر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مصر کی جانب سے غزہ کی حمایت میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور عرب و اسلامی دنیا سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس وسائل ہونے کے باوجود وہ قابض صہیونی ریاست سے خوف زدہ ہیں۔