(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے بھی کہا ہے کہ جب بھی اسرائیل کے ساتھ رابطوں کی بات آتی ہے پاکستانی وزیر اعظم شواہد پیش کرنے کے لئے مخالفین کا سہارا لیتے ہیں۔
اسرائیل کے نشریاتی ادارے ہاریٹز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان آہستہ آہستہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی طرف بڑھ رہا ہےجبکہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ افغان طالبان کریں گے۔
رپورٹ میں پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک کے اندرونی سیاسی معاملات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے اور کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں بھی پاکستان اور اسرائیل کے مابین سفارتی اور عسکری تعلقات رہے ہیں جب دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو باضابطہ بنانا ناقابل فہم سمجھا جاتاتھا۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے بھی کہا ہے کہ جب بھی اسرائیل کے ساتھ رابطوں کی بات آتی ہے پاکستانی وزیر اعظم شواہد پیش کرنے کے لئے مخالفین کا سہارا لیتے ہیں اور اب طالبان فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کے اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ تعلقات استوار کیے جائیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ کچھ عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرتے ہوئے تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کیے گئے ہیں جس کے بعد اسرائیل نے ایک روز قبل ہی خلیج میں اپنا پہلا سفارت خانہ ابوظبی میں کھول لیا ہےجبکہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاشی اور تجارتی معاہدے بھی طے پا گئےجس کے باعث یہ توقع کی جارہی ہے کہ معاشی مشکلات کے ہاتھوں، ایٹومک پاور پاکستان بھی جلد یا بدیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا معاہدہ کر لے گا۔