(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نے اسرائیلی خود مختاری پر دوبارہ زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ‘دیرینہ دشمن‘ ایران کے خلاف کارروائی کرے گا۔
تفصیلات کےمطابق ایران کے جوہری معاہدے کے حوالے سے آئندہ ہفتے شروع ہونے والے مذاکرات سے متعلق صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ اگر عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کا کوئی نیا ایٹمی معاہدہ طے پاتا ہے تو تل ابیب حکومت اُس کی پابند نہیں ہوگی۔
نفتالی بینیٹ نے ایرانی ایٹمی پروگرام کے خلاف سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے حوالے سے ہم پیچیدہ صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں جس میں یہ بھی ممکن ہے کہ ہمارا اپنے بہترین دوستوں سے تنازع ہو جائے تاہم کسی بھی صورت میں اسرائیل کسی معاہدے کا نہ تو فریق بنے گا اور نہ ہی پابند ہوگا۔
واضح رہے کہ نفتالی بینیٹ کی حکومت گرچہ پہلے یہ کہہ چکی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک نئی جوہری ڈیل کا کھلے دل سے ساتھ دے گی بشطریکہ نیا معاہدہ ایران پر مزید سخت پابندیاں عائد کرے تاہم وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اسرائیلی خود مختاری پر دوبارہ زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ‘دیرینہ دشمن‘ کے خلاف کارروائی کرے گا۔