(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جواد ظریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نتن یاہو بھی تاریخ کے کوڑے دان میں پہنچ گئے اور ایران پوری سربلندی کے ساتھ میدان میں ڈٹا ہوا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی جانب سےگذشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صہیونی ریاست اسرائیل کی بدلتی حکومت اور نیتن یاہو کے سیاسی دور کے خاتمے پر پیغام جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ” ذلت آمیز سفر پر نکلے نیتن یاہو اپنے تین ایران مخالف ساتھیوں ٹرمپ، بولٹن اور پومپیو کے ہمراہ تاریخ کے کوڑے دان چلے گئے” مگر ایران آج بھی سرفراز و سربلند کھڑا ہے، یہ عاقبت گزشتہ صدیوں میں تمام ان افراد کے لئے دہرائی گئی ہے جو ایرانی عوام کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، اب نصاب بدلنے کاوقت آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کیلئے نیتن یاہو کے پاس بدھ کی رات تک کا وقت تھا تاہم وہ کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہے جس کے بعد یش عتید پارٹی کے صدر یائیر لاپید نے کابینہ کی تشکیل کے لئے ضروری، ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کر لی ہے اور عنقریب وہ خود ساختہ ریاست اسرائیل کے صدر کو اپنی کابینہ کی تشکیل سے آگاہ کریں گے۔