(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )یائیر لبید نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف اسرائیل میں مخلوط حکومت کا قیام ہے، بنیامین نیتن یاھو کے حالیہ بیانات اشتعال انگیزہونے کے ساتھ ساتھ ملک کیلئے خطرناک ہیں۔
اسرائیل کی سیاسی جماعت فیوچر پارٹی کے سربراہ یائیر لبید نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ نیتن یاھون کے حالیہ بیانات اشتعال انگیز ہیں ، نیتن یاھو نے گزشتہ روز اپنے سیاسی مخالفین پر ملک کے جوہری پروگرام کے حوالے سے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے لیے سرگرم سیاسی جماعتوں کے پاس خالی اور بے معنی نعروں کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نعرے دائیں بازوں کے ووٹروں کے ووٹ چوری کرنے کی کوشش ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے یہ بھی کہا تھا کہ بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کی حکومت اسرائیلی ریاست کے مستقبل کے لیے خطرناک ہوگی۔
یائیر لبید نے کہا کہ اسرائیل میں گزشتہ دو سالوں کے دوران چار مرتبہ انتخابات ہو چکے ہیں لیکن کوئی بھی جماعت تنہا ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے بار بار انتخابات کا انعقاد کیا گیا ہے، اسرائیلی آئین و قانون کے تحت اگر کوئی ایک جماعت ایوان میں اکثریت حاصل نہ کرسکے اور مخلوط حکومت بھی تشکیل نہ پائے تو پھر ازسر نو انتخابات کرانا ہوتے ہیں، ہمارا ہدف اسرائیل میں مخلوط حکومت کا قیام ہے، نتین یاھو کے حالیہ بیانات اشتعال انگیزی کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی کیلئے بھی خطرناک ہیں ۔