(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ نے نزار بنات کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا دفترفلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ نے مقبوضہ فلسطین کےمختلف علاقوں خصوصا رام اللہ اور الخلیل میں سیاسی اور سماجی رہنما نزار بنات کے قتل کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کر تے ہوئے اتھارٹی کو انتباء کیا ہے کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال ناقابل قبول ہے اور فلسطینی اتھارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ تشدد کے استعمال کی تحقیقات کرےاس کے ساتھ ہی ادارے کا کہنا ہے کہ رام اللہ میں ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے اہلکاروں کے ہاتھوں طاقت کے اندھا دھند استعمال کے وقت اقوام متحدہ کی ایک ٹیم بھی وہاں موجود تھی جنہوں نے اتھارٹی کے اس وحشیانہ تشدد کی گواہی دی ہے جبکہ عینی شاہدین میں صحافی اور انسانی حقوق کے کارکنان بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ نے فلسطینی اتھارٹی پر عوام کو احتجاج کی اجازت دینے اور آزادی اظہار رائے کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ اقوام متحدہ کا دفترغرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھے ہوئے ہےاور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ہونے والے نزار بنات کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔