(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صدر السیسی نے کہا کہ مصر فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول، فلسطین اسرائیل امن عمل کی بحالی اور علاقائی استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روزمصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اورفلسطینی ہم منصب محمود عباس کےدرمیان ٹیلیفونک بات چیت ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کی جانب سےفلسطین اسرائیل امن عمل کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصری صدرنےگفتگو کے دوران کہا کہ مصر فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول، فلسطین اسرائیل امن عمل کی بحالی اور علاقائی استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔
بات چیت میں صدر محموود عباس نے بھی “فلسطین کاز” کو فروغ دینے اور اس مسئلے کے منصفانہ اور جامع حل کے لئے مصر کی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ صدر السیسی کا فلسطینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ اس موقع پرہوا ہے کہ جب مقبوضہ فلسطین میں صہیونی مظالم اورریاستی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس بھی غزہ کی پٹی سےمصری دعوت نامے پر دارالحکومت قاہرہ میں موجود ہے۔