(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک بھر میں مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے لئے جس طرح نوجوانوں تک آگاہی پھیلائی ہے اس پر پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ان کے ساتھ وفد میں محمد رضا اور دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں علامہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مسلسل انتھک جدوجہد کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کازکے لئے آواز اٹھانا ایک سعادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی حمایت ہم سب کا بنیادی اور اہم ترین فرض ہے جس سے کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک بھر میں مسئلہ فلسطین او رکشمیر کے لئے جس طرح نوجوانوں تک آگاہی پھیلائی ہے اس پر پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے علامہ ناصر عباس جعفری کو حالیہ گیارہ روزہ جنگ اور اس کے بعد کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ علامہ ناصر عباس کی قیادت میں یہ تعاون جاری رہے گا۔