(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) رضوان بھٹی نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ فلسطین کا زکی حمایت جاری رکھی ہے اور فلسطین فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنایا ہے اور مستقبل میں یہ تعاون جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین کی کراچی پریس کلب کےسیکرٹری اور اراکین سے ملاقات ہوئی اس موقع پر فاؤنڈیشن کے سرپرست اراکین نے کراچی پریس کلب میں ہونے والے انتخابات کے نتیجہ میں منتخب ہونے والے سیکرٹری رضوان بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیاساتھ ہی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں کی جانب سے گلدستہ اور مٹھائی کا تحفہ پیش کیا گیا۔
مسئلہ فلسطین کے موضوع پر سیکرٹری پریس کلب رضوان بھٹی نے کہاکہ یہ انسانیت کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے اورمسلمان ہونے کے ناطے ہماری سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطین کاز کی حمایت کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے لئے صحافی برادری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے شانہ بہ شانہ ہے، جب غاصب اسرائیل نے فلسطین پر جنگ مسلط کی تو صحافی برادری نے بڑھ چڑھ کر فلسطینی عوام کے حق میں اور صہیونی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتےہوئے یوم سیاہ منایا اور میڈیا ہاؤسز میں بلیک آؤٹ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ فلسطین کا زکی حمایت جاری رکھی ہے اور فلسطین فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنایا ہے اور مستقبل میں یہ تعاون جاری رہے گا۔
ملاقات میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین بشمول سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد نقوی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی ہمدانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت پیر سید اشرفی، عرم بٹ، قاضی زاہد،قاسم، علی احمر، سلمان، عظیم اور دیگر شامل تھے ۔