(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی فوج کا رمضان کی ستائیسویں شب میں مسجد اقصٰی میں عبادت کرتے نمازیوں پر حملے کے بعدفلسطینی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق مقبوضہ فلسطین صہیونی جارحیت کے بگڑتی صورت حال کے باعث گذشتہ شب صہیونی فوج کا بیت المقدس کی تاریخی اقصٰی مسجد کے نمازیوں پر بدترین تشدد کا نوٹس لیتے ہوئےفلسطینی درخواست پرقطرکی زیرِ صدارت عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس قاہرہ میں منعقد کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی ریاست کے جارحانہ اقدامات پر تبادلہ خیال کے ساتھ موجودہ صورت حال پر فلسطینیوں کےحقوق کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز سینکڑوں فلسطینی مسجد اقصیٰ کے ارد گرد پہاڑی کے احاطے میں نماز جمعہ کے لیے اکٹھے ہوئے جس کے بعد بہت سے لوگ شہر میں بے دخلی کے خلاف احتجاج کے لیے وہیں موجود رہے لیکن افطار کے بعد مسجد اقصیٰ میں اور شیخ جراح کے قریب چھوٹی چھوٹی جھڑپیں شروع ہوئیں جو قدیم شہر کے مشہور دمشق گیٹ کے قریب ہے،ان جھڑپوں میں صہیونی پولیس نے بکتر بند گاڑیوں پر نصب واٹر کینن کا استعمال کئی سو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کیا جو ممکنہ بے دخلی کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے گھروں کے قریب جمع تھےجبکہ گذشتہ شب مسجد اقصٰی میں صہیونی حملے کے نتیجے میں 300 کے قریب فلسطینی زخمی ہوئے جس کے خلاف فلسطینی محصور علاقہ غزہ کی پٹی میں بھی احتجاج کیا گیا اور ٹائرجلا کر سڑکیں بلاک کی گئیں۔