(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ بیت المقدس تشدد کی نہیں عبادت کی جگہ ہے، مقدس شہر کا احترام برقرار رہنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں رمضان المبارک میں قبلہ اول پرہونے والے مسلسل حملوں اور ہفتہ بھر سےجاری فلسطینیوں پر تشدد کے خلاف عالم اسلام سمیت دنیابھر کی امن پسند ریاستوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے جاری ہیں جبکہ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نےکہا ہے کہ تشدد سے تشدد جنم لیتا ہے، یہ مقدس سرزمین عبادت کی جگہ ہے۔
انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں تشدد روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ میںاس کثیرالمذاہب اور کثیرالثقافتی شناخت والے مقدس شہر کے احترام اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے سب کو ایک مشترکہ قرارداد کی دعوت دیتا ہوں۔
دوسری جانب برطانوی مسلمان اور اراکین پارلیمنٹ نے بھی فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے میں وزیراعظم بورس جانسن سے اس معاملے پر آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے، جنہوں نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ شرکاء نے فلسطین کے پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھےجن پر مظالم فوری بند کرو کے الفاظ درج تھے۔