(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسجد اقصٰی میں صہیونی مظالم کےبیچ 60000 فلسطینیوں نےرمضان کے تیسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔
تفصیلات کےمطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی فوج اورپولیس کے مظالم کے ساتھ آباد کاروں کی شر انگیزیوں کا سامنا کرتے ہوئے مسجد اقصٰی میںمسلمانوں نے رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔
مسجداقصٰی میں ظہر کی نماز کے اجتماع میں قریب 60ہزار فلسطینیوں نے شرکت کر تے ہوئے ماہ مقدس کی برکتیں سمیٹیں اور مسجد اقصٰی کے تحفظ کے لیے عالم اسلام کی غیرت کے جاگنےکے ساتھ صہیونیوں کے نیست و نابود ہونے کی دعائیں کیں۔
اس موقع پر بیت المقدس میں ا وقاف کے منیجر عزام الخطیب نے کہا کہ اسرائیلی پابندیوں کے باوجود، 1948 کے مقبوضہ علاقوں اور مغربی کنارے سے ہمارے لوگ رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے لیے پہنچنے کامیاب ہوگئے۔
نمازجمعہ کے بعدہزاروں فلسطینی نمازی صہیونی بندشوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے مسجد اقصی اور مقدس شہر میں اسرائیلی حکام کی جانب سے بے بنیاد پابندیوں اور تشدد کے واقعات پرقابض ریاست کے خلاف شدید نعرے بازی کی، احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔