(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شیخ جرح اور مسجد اقصٰی میں صہیونی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران اب تک کم از کم 163 فلسطینی اور 6 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میںصہیونی فوج کی جانب سے بیت المقدس کے شہریوں پر تشدد کے واقعات میں اضافے کے بعد درجنوں مقامات پر فلسطینی باشندوں اور قابض فوج سمیت پولیس کے درمیان تصادمجاری ہے جس میں اب تک 163 فلسطینیوں سمیت 6 صہیونی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فلسطینی طبی ادارے کے مطابق زیادہ تر افراد مسجد اقصیٰ میں زخمی ہوئے جہاں صہیونی غاصب فوجیوں نے نمازیوں پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ اور بوتلیں پھینکے جانے کے بعد اسرائیلی پولیس نے ربڑ کی گولیوں چلائیں اور دستی بم پھینکے۔
دوسری جانب بیت المقدس کے ہی علاقےشیخ جرح میں یہودی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان حالیہ واقعات کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور بڑے پیمانے پر قابض فوج طاقت کے زور پر فلسطینیوں کو زدوکوب کر رہی ہے اور خدشہ ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی اس زمین سے نکال دیا جائے گا جس پر یہودی آبادکار اپنی ملکیت کا دعوی کر رہے ہیں۔
ان پرتشدد واقعات میں بین الاقوامی میڈیکل سروس ہلال احمر نے تشدد میں زخمی ہونے والوں کے لیے ایک فیلڈ ہسپتال بھی قائم کردیا ہےجہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد بھی دی جارہی ہے۔
ہلال احمر کی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 88 فلسطینیوں کو ربڑ میں لپٹی دھاتی گولیاں لگنے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا۔جبکہ صہیونی پولیس کے 6 زخمی ہونے والے افسران کو طبی امداد دی گئی ہے ۔