(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرق میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کو نشانہ بناتے ہوئے ایک تیار شدہ بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس کے مشرقی علاقے الفرحین میں یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ایک صیہونی فوجی دستہ پیش قدمی کر رہا تھا۔ حملے کے بعد مزاحمتی جنگجوؤں نے اس مقام کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تاکہ صیہونی افواج کو مزید نقصان پہنچایا جا سکے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد تباہ شدہ فوجی گاڑی کو وہاں سے نکالنے اور زخمی اہلکاروں کو منتقل کرنے کے لیے صیہونی افواج نے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا، جنہیں علاقے میں اترتے دیکھا گیا۔
یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ صیہونی فوج کے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 854 صیہونی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 413 زمینی حملوں کے دوران مارے گئے۔
القسام بریگیڈز نے واضح کیا ہے کہ غزہ کے دفاع میں صیہونی افواج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔