روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
عبرانی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ جرمن کارگو ایئر لائن لوفتھانزا نے ایک غیر متوقع اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے قابض اسرائیل کے لیے اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
عبرانی معاشی اخبار گلوبز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ فیصلہ برطانوی برآمداتی نگرانی سے متعلق ہدایات کی بنیاد پر کیا گیا جس کے بعد کمپنی نے فوراً تمام فوجی کارگو کی ترسیل کو غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا۔
کمپنی نے بین الاقوامی کارگو ایجنٹس کو مطلع کیا کہ کمپنی کے اندرونی فیصلے کے مطابق تل ابیب کے لیے تمام فوجی اور سکیورٹی نوعیت کی ترسیلات پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے، اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ کمپنی نے مزید معلومات دستیاب ہوتے ہی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
لوفتھانزا کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی تمام قوانین اور ضابطوں کی مکمل پابندی کو یقینی بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے برآمداتی نگرانی اور متعلقہ پابندیوں سے متعلق نئے حکم نامے کے بعد تل ابیب سے اور تل ابیب کے لیے فوجی ساز و سامان اور اس کے پرزہ جات کی نقل و حمل فی الحال کمپنی کے لیے ممکن نہیں رہی، خواہ پرواز کا روٹ کچھ بھی ہو۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کمپنی مستقبل میں مخصوص انفرادی شپنگ کی اجازت کے لیے ممکنہ حل تلاش کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ لوفتھانزا نے اپنے فلائٹ آپریشنز رواں برس اگست کے آغاز میں دوبارہ بحال کیے تھے۔ کمپنی نے یہ پروازیں جون کے اوائل میں معطل کر دی تھیں اور اس کی دوبارہ بحالی بھی قابض اسرائیل کے ایران پر حملے کے باعث مؤخر ہو گئی تھی۔
غزہ کے خلاف جاری وحشیانہ جنگ کے آغاز سے اب تک لوفتھانزا گروپ نے خطے کے لیے اپنی پروازوں میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، جیسا کہ دنیا کی متعدد ائیر لائنز نے کیا۔ دسمبر کے آغاز میں لوفتھانزا نے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھا کر تل ابیب کے لیے ہفتہ وار فلائٹس 64 سے بڑھا کر 74 کر دی ہیں۔
لوفتھانزا فی الوقت فرانکفرٹ سے 21 اور میونخ سے 14 ہفتہ وار پروازیں چلاتی ہے، جبکہ اس کے ماتحت ادارے بھی اسرائیلی روٹس پر فعال ہیں جن میں آسٹریئن ایئرلائنز، سوئس، براسلز ایئرلائنز، ایٹا ایئرلائنز، یورووِنگز اور لوفتھانزا کارگو شامل ہیں۔