(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) پاکستان میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور غزہ میں جاری غیر قانوین صیہونی ریاست اسرائیل کی بربریت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں منعقدہ ان مظاہروں میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی، جنہوں نے غاصب صہیونی ریاست اور اس کے سرپرستوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
لاہور کے مال روڈ پر ہونے والے "غزہ ملین مارچ” میں مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، شہداء کی تصاویر اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صیہونی مظالم اور امریکی حمایت کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے غاصب صیہونی ریاست کے مظالم پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "اسرائیل نہتے بچوں اور عورتوں کا قاتل ہے، اس کے جرائم پر خاموشی اختیار کرنے والے بھی قصوروار ہیں۔ نیتن یاہو سن لے، ہم ہر شہید کے خون کا حساب لیں گے۔”
انہوں نے پاکستان کی حکومت اور سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "امریکی آشیر باد کے منتظر حکمران فلسطینیوں کے کاز سے غفلت برت رہے ہیں، حکومتی بیانات کافی نہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی ریاست غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کو کھل کر پیغام دے کہ ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ "ہم غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ایک ہی ریاست ہے اور وہ فلسطین ہے۔ مسجد اقصیٰ ہمارا عقیدہ ہے، ہماری روح ہے، اور ہم اس کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔”
انہوں نے غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستانی صحافیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کو بےنقاب کیا جائے۔ "جو اسرائیل کے حق میں بولے گا، عوام اس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔”
حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں مزید مظاہرے ہوں گے، اور جلد ہی کراچی کی شاہراہ فیصل پر "غزہ مارچ” کے ذریعے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجر برادری اور دیگر تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں آگے آئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان کے عوام ظالم کے نہیں، مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکا اور اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔”
انہوں نے عرب ریاستوں کو بھی یاد دلایا کہ "فلسطینیوں کا ساتھ دینا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے، حماس مظلوموں کی آواز ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اس کا نمائندہ دفتر قائم کیا جائے۔”
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 14 اپریل کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں خواتین، بچے اور نوجوان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے تاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دنیا کو دیا جا سکے۔