(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) کویتی خاتون انجینر کا کہناتھا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مسلط ایک قابض ریاست ہےاس لیے میں ایکسپو دبئی کا بائیکاٹ کرتی ہوں، اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزکویت کے 14 سالہ ٹینس پلیئر محمد العوضی کے بعدایک خاتون کویتی انجینیر جو بین الاقوامی موجد بھی ہیں ، جنان الشہاب نےبھی اس وقت باضابطہ طور پر خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی نمائش دبئی ایکسپو میں شرکت سے اپنی منسوخی کا اعلان کر دیا ہے۔
جنان الشہاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے دبئی ایکسپو میں شرکت کا فیصلہ اس وقت ملتوی کیا کہ جب اس نمائش کے اکاؤنٹ پر یہ اشتہار جہاں قابض ریاست اسرائیل کے پویلین کے حوالے سےلکھا تھا "آئیے اسرائیل کے ساتھ جشن منائیں ” تھا، ہمیں چاہیے کہ اس تقریب کو ان فالو کریں اوریہاں میں اپنی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے ایکسپو دبئی کا بائیکاٹ کرتی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مسلط ایک قابض ریاست ہے اس کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق ہمارے لیے شرم ناک ہونا چاہیے،جنان الشہاب کی انسٹاگرام پراس پوسٹ پر کئی دوسرے عرب فن کاروں اور ماہرین نے بھی احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپر عرب ٹویٹرز کی طرف سے الشہاب کے موقف کا خیرمقدم کیا گیا، جنہوں نے اس کے اقدام کی تعریف کی اور اس پرفخر کا اظہار کیا ہے۔