(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پانچ اگست یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ہیومن رائٹس کونسل پاکستان، یوتھ فورک آف کشمیر، ہندو برادی کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہروں اور آرٹس کونسل کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش میں شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ حیات ہے اور اس شہہ رگ پر بھارت کے قبضہ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر اور ان کے ہمنوا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش کر دیا جائے اور کشمیر پر بھارت کے تسلط کو تسلیم کر لیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے پاکستان کو اسرائیل کے سات تعلقات بنانے کا مشور ہ دے کر کشمیری عوام کی قربانیوں کی توہین کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور کسی بھی موقع پر کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم کاکہنا تھا کہ گذشتہ دو برس میں آنے جانے والی حکومتوں کی کوشش رہی ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کو دبا دیا جائے، مسئلہ کشمیر سے رو گردانی در حقیقت آئین پاکستان سے غداری اور قائدا عظم محمد علی جناح کے نظریات سے انحراف ہے۔ انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج قائد اعظم ہوتے تو کیا وہ کشمیر کے عوام کو بھارت کی ریاستی دہشت گرد ی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے؟ ان کاکہنا تھا کہ ہم قائد اعظم کے پیروکار ہیں اور نہ ہم کشمیر کو چھوڑیں گے اور نہ فلسطین کو فراموش ہونے دیں گے۔
احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل کاکہنا تھا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورم پر اٹھانے میں کوتاہی برت رہی ہے،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے عنوان سے بھرپور انداز میں سفارت کاری کی جائے اور فلسطین پر صہیونی غاصبانی تسلط کا خاتمہ اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات انجام دئیے جائیں۔انہوں نے گذشتہ دو برس میں حکومت کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی پر شدید مذمت کی اور کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کشمیر کا سودا کرے۔کشمیر کشمیری عوام کا ہے اور کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی کی اس جد وجہد میں پاکستان کے عوام کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع ہیومن رائٹس کونسل کے جمشید حسین، حریت کاکانفرنس کے متین شیخ، کشمیری رہنما بشیر سدو زئی، پاکستاب بشپ کونسل کے صدر بشپ خادم بھٹو، پاسٹر امجد، ہندو رہنما منوج چوہان، ساجن آفریدی، ایڈوکیٹ شازیہ سمیت مسیحی اور ہندو برادری کی بڑی تعداد میں خواتین اور مرد شریک تھے۔ مظاہرین نے بھارت مردہ باد، مودی مردہ باد، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی، لے کے رہیں گے آزاد ی کے فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔