(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی عوام نے کہا ہے کہ یہ سرزمین فلسطینیوں کی ہے یہاں امریکی صدر کی کوئی پزیرائی نہیں کی جائے گی یہاں ان کا کوئی استقبال نہیں کیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کے دورہ مشرقی وسطیٰ پر فلسطین سمیت دیگر عرب ممالک میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں جس میں امریکی صدر کی اسرائیل کی حمایت اور دہشتگردی پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
امریکی صدرکی اسرائیل میں اپنی ہی پارٹی کےارکان پر تنقید
ہزاروں فلسطینیوں نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں جس میں مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سمیت گذشتہ 15 سالوں سے غیر قانونی صیہونی محاصرے کا شکار شہر غزہ بھی شامل ہے میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن کے دورے کی شدید مذمت کی اور فلسطینی انتظامیہ کے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بائیڈن کا استقبال نہ کریں۔
غزہ میں مظاہرین نے بڑا مظاہرہ کیا اور امریکی دار الحکومت واشنگٹن کو فلسیطنیوں کے خلاف قابض صیہونی جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔
فلسطینی عوام نے اس مظاہرے میں بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ الجزیرہ کی شہید رپورٹر شیرین ابو عاقلہ کے قتل کے حوالے سے واضح اور ٹھوس موقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کو عالمی صحافتی حلقوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے نکال باہر کریں۔
دوسری جانب عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی جانب سے جاری کیے جانے والے مذمتی بیانات میں کہا گیا ہے کہ ایک بھی فلسطینی شہری امریکی صدر کے دورۂ مقبوضہ فلسطین سے خوش نہیں ہے۔ بیانات میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام اور مجاہدین کو امریکی صدر کے دورے کی مخالفت میں تحریک مزاحمت و انتفاضہ تیز تر کر دینا چاہیے۔ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ تیرہ جولائی کو اپنے دورۂ مغربی ایشیا کے آغاز میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر مقام تل ابیب پہنچے۔