(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ میں11روزہ جنگ کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استعمال کئے جانے والے بیشتر ہتھیار خود اپنے بنائے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سرگرم اسلامی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ کی جانب سے گذشتہ روز بیان میں محصور علاقے غزہ میں حالیہ 11روزہ محاز آرائی کے دوران صہیونی فوج کے خلاف استعمال ہونے والے اسلحے کی دیگر ملکوں سے فلسطین میں منتقلی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استعمال کئے جانے والے بیشتر ہتھیار خود اپنے بنائے ہوئے ہیں۔
زیاد النخالہ نے سیف القدس جنگی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایریل شیرون کے زمانے کا وہ دور اب گزر چکا ہے کہ وہ جب چاہتا، غزہ پر حملہ کر دیتا تھا ، حالیہ جنگ اس بات کا موجب بنی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اب غزہ کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے بارے میں ہزار بار سوچے گی، اس لئے کہ اب اسے ہر طرح کی جارحیت کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔