(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یہ سافٹ ویئر واٹس ایپ پر لینک بھیج کر انسٹال کیا جاتا ہےجبکہ ایک بار انسٹال ہونے کے بعد ٹارگٹ کے موبائل میں موجود تمام ڈیٹا چرایا جاسکتا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق دنیا کے16اداروں کی مشترکہ تحقیقات کے بعدجاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی کمپنی این ایس او کے فون ہیکنگ سافٹ ویئر سے دنیا کے کم سے کم50 ہزار شخصیات کے فون نمبرز ہیک کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقتول صحافی جمال خاشقجی کی بیوی کا ٹیلی فون نمبر بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ جمال خاشقجی کو2018 میں قتل کر دیا گیا تھا۔
مذکورہ سافٹ ویئر کو جن نمبروں پر بھیجا گیا اس میں ایجنسی فرانس پریس، وال اسٹریٹ جرنل، سی این این، نیو یارک ٹائمز، الجزیرہ، فرانس 24، ریڈیو فری یورپ ، میڈیا پارٹ، ایل پاس، ایسوسی ایٹڈ پریس، لی مونڈے، بلومبرگ، دی اکنامسٹ ، رائٹرز اور وائس آف امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے عہدیداران سمیت متعدد بھارتی صحافیوں کے فون بھی اس فہرست میں شامل ہیں ساتھ ہی سربراہان مملکت، وزرائے اعظم، عرب شاہی خاندانوں کے اراکین ، سفارت کاروں، سیاستدانوں، سماجی کارکنوں اور کاروباری شخصیات کے بھی نمبر ہیں۔
واضح رہے کہ ان نمبروں کا اندراج آذربائیجان، بحرین، ہنگری، بھارت، قازقستان، میکسیکو، مراکش، روانڈا ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کیا گیاتاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کس ملک کونسا نمبر داخل کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ سافٹ ویئر واٹس ایپ پر لینک بھیج کر انسٹال کیا جاتا ہے۔ ایک بار انسٹال ہونے کے بعد ٹارگٹ کے موبائل میں موجود تمام ڈیٹا چرایا جاسکتا ہے۔ موبائل کا مائیکروفون اور کیمرا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ای میل، میسجز، واٹس ایپ میسج اور تصاویر سمیت آواز اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جا سکتی ہے۔