(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) ذیابیطس کے مریض فلسطینی قیدی نے صہیونی جیل میں اپنی انتظامی حراست کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ادویات لینے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونی جیل میں قید ذیابیطس کے مریض فلسطینی قیدی امین شوقی نے اپنی انتظامی حراست کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ادویات کے استعمال کو روک دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اپنی غیر قانونی حراست کے خلاف رہائی تک دوا کا استعمال نہیں کریں گے۔
مزید تفصیلات کے مطابق صہیونی عدالت کی جانب سے امین شوقی کی غیر قانونی بلا جواز حراست کے خاتمے سے صرف ایک دن قبل مزید چار ماہ کے لیے بڑھا دیاگیا جس کے نتیجے میں ذیابیطس کے قیدی نے اپنی بلا ناغہ استعمال کی جانے والی ضروری دوا کے استعمال کو روک دیا ہےجس سے ان کے اہل خانہ کو شدید خطرہ ہے کہ قیدی کے مرض کی سنگینی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔