(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قبلہ اول میں روزانہ کی بنیاد پر مسجد اقصٰی کی بے حرمتی کے نتیجے میں فلسطینیوں کا صہیونیوں سے تصادم دیکھنے میں آتا ہے اور بے گناہ افراد صہیونی زندانوں میں منتقل کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل میں غیرقانونی صہیونی آبادکاروں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر قابض فوج کی سرپرستی میں مقدس مسجد اقصٰی پر حملہ کیا گیا جس میں اسرائیلی طلباء سمیت درجنوں انٹیلی جنس اہلکار بھی شامل تھے آبادکاروں کا ٹولہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوا اور انہوں نے روائیتی شرانگیزی کے ساتھ مسجد کے صحنوں کے چکر لگائے جبکہ انتہا پسند لیڈر ایتمار بن گویفیر کی سربراہی میں نہتے فلسطینی نمازیوں پر اشتعال انگیز فقرے کسے جس کا مقصد انہیں ذہنی اور جذباتی طور پرمنتشر کر کے لڑائی پر اکسانا تھا۔
اس موقع پر انتہا پسند صہیونی شرپسندوں کو مزعومہ ہیکل سلیمانی کے بارے میں مذہبی بریفنگ بھی دی گئی۔
یاد رہے کہ صہیونی آباد کاروں کو قبلہ اول پر حملوں کے لیےاسرائیلی فوج صہیونی حکام کے کہنے پر مکمل سرپرستی فراہم کرتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائیگی سے روکنے کے لیےہر ممکن طاقت کا استعمال کیا جاتا ہےلہذٰا روزانہ کی بنیاد پر مسجد اقصٰی کی بے حرمتی کے نتیجے میں فلسطینیوں کا صہیونیوں سے تصادم دیکھنے میں آتا ہے اور بے گناہ افراد صہیونی زندانوں میں منتقل کیے جاتے ہیں۔