(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی ایوان صدر کے سرکاری ترجمان نبیل ابو ردینہ کی جانب سےگذشتہ روزمقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں فلسطینی سکیورٹی فورسز اور صہیونی فوجیوں کےدرمیان ہونے والے تصادم اورشدید فائرنگ کے تبادلے میں فلسطینی سکیورٹی کے تین اہلکاروں کی شہادتوں پرمذمت کر تے ہوئے اسرائیل کو خبر دار کیا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام مسلسل فسلطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اور ان پر قاتلانہ حملوں سمیت دیگر ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جس کے باعث ہمیں خطرہ ہے کہ حالات میں کشیدگی بڑھے گی ۔
انھوں نے اسرائیل کو حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ فلسطینیوں کےتحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ اسرائیل غرب اردن کے مسلح فلسطینی گروپوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کرتا رہا ہے لیکن ان حملوں اور پر تشدد کارروائیوں میں اچانک شدت دیکھنے میں آئی ہےاور صہیونی فوج عوام کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام سکیورٹی فورسز پر بھی حملہ آور ہوئی ہے۔