(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ڈیڑھ ہزار سے زائد صیہونی فوجیوں نے متعددٹینک ہیلی کاپٹرز اور بکتر بند گاڑیوں سے جنین شہر اور پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شہر جنین، پناہ گزین کیمپ اور المقیبلہ میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کیا جس میں کم سے کم 25 سے زائد ٹینک ،درجنوں بکتر بند گاڑیاں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا، غاصب فورسز نے فضائی اور زمینی حملہ کیا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم سے کم سات فلسطینی شہری شہید 25 سے زائد زخمی جن میں زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے جبکہ غاصب فورسز نے درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
غاصب صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا کہ اسپیشل فورسز نے کل شام شروع ہونے والے بڑے فوجی آپریشن کے بعد جنین میں بھی متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور درجنوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔
غاصب فوج کہ کہنا ہے کہ اس کی فوجیں جنین کیمپ پر قبضے کے لیے نہیں ، بلکہ ایک حفاظتی کارروائی کے لیے داخل ہوئیں، اور انھوں نے وہاں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے جو اسرائیلی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے جمع کیا گیا تھا۔