(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ترک سکیورٹی فورسز نے بدنام زمانہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کےلئے فلسطینی شہریوں، سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور تنظیموں میں کام کرنے والے افراد کی جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MIT) اور استنبول پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک مشترکہ آپریشن کیا جس میں 44 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے استنبول سے باہر ایک مشاورتی کمپنی کے ملازمین کے طور پرکام کرتے ہوئے ترکی میں مقیم فلسطینیوں کے بارے میں معلومات موساد کو فراہم کیں۔ اس معلومات نے موساد کو سوشل میڈیا کے ذریعے فلسطینیوں کے خلاف دھمکیاں اور بہتان تراشی شروع کرنے میں مدد کی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں پرائیویٹ ڈیٹیکٹیو ایسوسی ایشن کے بانی اور صدر اسماعیل یتیموگلو بھی شامل ہیں جن ہوں نے اپنی 23 سالہ سول سروس کی ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد 2003 میں پرائیویٹ ڈیٹیکٹیو کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔
ترکی کے ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی ان خبروں پر صہیونی ریاست کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تحقیقات جاری ہیں اور ان کی نشاندہی پر 13 مزید افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے اہم تفصیلات ملی ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال 15 افراد کو ترکی میں اسرائیل کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں قید کی سزا سنائی جاچکی ہے ۔