(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں نے مختلف علاقوں میں صہیونی فورسز پر 20 حملے کئے پانچ مقاما ت پر فوج کے ساتھ محاذ آرائی بھی ہوئی۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے بھرپور استعمال اور گرفتاریوں کے باوجود صہیونی فورسز فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں کو روکنے میں مکمل طورپر ناکام ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بیس حملے ریکارڈ کئے گئے جس میں گیارہ مقامات پر صہیونی فورسز پر فائرنگ کی گئی جبکہ پانچ مقامات پر غاص فورسز کے ساتھ مسلح جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شعفات کیمپ میں جھڑپیں شروع ہوئیں، جب کہ مزاحمتی کارکنوں نے الجلمہ چوکی، سالم چوکی، جنین کے مشرقی محلے اور طولکرم کے اکاتابہ محلے میں قابض فورسز پر فائرنگ کی۔
نابلس میں مزاحمتی کارکنوں نے کوہ گریزیم، یتزحار اور شاوی شمرون بستیوں پر فائرنگ کی۔ بورین میں آباد کاروں سے آمنا سامنا ہوا اور قابض فوج کے ساتھ محاذ آرائی شروع ہوگئی۔
اریحا العروب کیمپ، کرمی زور بستی اور بیت امر میں جھڑپیں ہوئیں اور مزاحمتی کارکنوں نے الخلیل بیت امر اور کرمی زور بستی میں فائرنگ کی۔