(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی ریاست کی افریقی سمٹ میں بطور مبصر شمولیت سے متعلق فیصلے پر دو اہم اور بااثر ممالک الجزائر اور جنوبی افریقہ کے شدید احتجاج پر اسرائیلی مندوب کو بے دخل کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں منعقد ہونے والے افریقی ملکوں کے اتحاد نے تنظیم میں صیہونی ریاست کا بطور مبصر درجہ منسوخ کر دیا ہے۔
فریقہ کے 55 ممالک پر مشتمل علاقائی بلاک کے افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین موسیٰ فقی مھامت نے اجلاس سے سے قبل اتحادی دو اہم اور بااثر ممالک الجزائر اور جنوبی افریقہ کے شدید احتجاج پر اسرائیلی مندوب کو بے دخل کیا تاہم اسرائیل تاحال اس اتحاد کا حصہ ہے جس کے حوالے سے موسیٰ فقی کا کہنا ہے کہ افریقی اتحاد میں صیہونی ریاست کی بطور مبصر شمولیت برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ آئندہ برس تنظیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس افریقی اتحاد نے اسرائیل کی بطور مبصر شمولیت کے حوالے سے ہونے والی بحث روک کر سربراہان مملکت پر مشتمل ایک کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کے بارے میں مناسب فیصلہ کریں۔الجزائر، جنوبی افریقہ، سینیگال، کیمرون، عوامی جمہوریہ کانگو، روانڈا اور نائیجریا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی آئندہ برس افریقی اتحاد کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسرائیلی رکنیت سے متعلق فیصلے کا جائزہ لے گی۔