(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم بیرزیت یونیورسٹی کے کیمپس پر دھاوا بولتے ہوئے طلبہ پر براہ راست گولیاں برسائیں اور آنسو گیس کے گولے فائر کیے، جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ اور اساتذہ زخمی ہو گئے۔
بیرزیت یونیورسٹی کی تعلقات عامہ کی ذمہ دار نیردین المیمی نے بتایا کہ ایک طالب علم کے پاؤں میں براہ راست گولی لگی، جبکہ دو دیگر طلبہ بھگدڑ کے باعث زخمی ہوئے۔ دیگر متعدد طلبہ آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قابض فوج نے کیمپس کے اندر براہ راست گولیاں، آنسو گیس کے گولے اور دھماکہ خیز گولے داغے۔
المیمی نے مزید بتایا کہ تقریباً آٹھ ہزار طلبہ اس وقت یونیورسٹی میں موجود تھے جب قابض فوج نے مرکزی دروازہ توڑ کر متعدد عمارتوں اور کالجوں میں دھاوا بول دیا اور طلبہ کی تحریک سے متعلق سامان قبضے میں لے لیا۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کی ٹیم نے قابض فوج کے حملے کے دوران تین طلبہ کو پاؤں میں براہ راست گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے کے بعد فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔