(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) انتھونی بلینکن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے ہر ملک کی حوصلہ افزائی اور حمایت ہمارے لیے اہم ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے وزیرخارجہ انتھونی بلینکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے ہر ملک کی حوصلہ افزائی اور حمایت ہمارے لیے اہم ہے ، ا ور امریکہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر مزید عرب ممالک کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔
دوسری جانب اسی ماہ کے دوران صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپد تعلقات معمول پر آنے کے بعدخلیجی ملک بحرین کا دورہ کریں گے، جو معاہدے کے بعد کسی اسرائیلی حکام کے پہلے دورے میں شمار ہوتا ہے، اس دورے کا پروگرام امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلینکن سمیت کثیر فریقی ٹیلی فونک رابطے کے دوران طے پایا ہے۔
یاد ر ہے کہ گزشتہ سال چار اسلامی ممالک یو اے ای، متحدہ عرب امارات، مراکش اور سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد بحرین بھی ان ممالک میں شامل ہوگیاہے جس پر فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک نے بحرین کے اس غیر منصفانہ اقدام پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ غداری کا نام دیا ہے ، تاہم ان ممالک نے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے اسرائیل سے دوستی کا معاہدہ بھی کر ڈالا ہے جس کے بعد تجارتی، سفارتی، طبی و سائنسی شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔