(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست کے اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں حالیہ بمباری میں جدید ترین اپاجی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتےہوئے فلسطینی شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا تھا۔
قابض صیہونی ریاست کے معروف عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی سنسنی خیز رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ مئی میں غزہ پرکی جانے والی شدید بمباری کے دوران اسرائیلی فضائیہ کے 113 ویں ہیلی کاپٹر اسکواڈرن کا استعمال کیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل جنگی اپاچی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا تھا۔
اخبار نے اطلاع دی ہے کہ اس اسکواڈرن میں استعمال کیے جانے والے ہیلی کاپٹروں کو رامون ملٹری ایئر پورٹ سے اڑایا جا رہا تھا۔اخبار نے وضاحت کی کہ اپاچی ہیلی کاپٹروں نے رہائشی اپارٹمنٹس کو گائڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ "جیئل” اور "تموز” نامی میزائلوں کے دو ماڈلز استعمال کیے جو بڑی کارکردگی اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے جدید ترین میزائل ہیں۔رپورٹ کے مطابق 113 ویں اسکواڈرن نے 119 ویں اپاچی اسکواڈرن کے ساتھ مل کر درجنوں فضائی حملے کیے جن میں غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔