(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ریلی کے شرکاء نے اردن حکومت کا صہیونی ریاست کے ساتھ توانائی معاہدے کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اردن کے دارالحکومت عمان میں ہزاروں شہریوں نے حالیہ دنوں میں صیہونی ریاست کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا، ہزاروں اردنی شہریوں نے صہیونی ریاست کے ساتھ طے پانے والے پانی کے حالیہ معاہدے کو مسترد کر دیا۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اردن کی حکومت اسرائیل کے ساتھ اس توانائی معاہدے کے علاوہ 1994 کے امن معاہدے کو بھی منسوخ کرے۔
واضح رہے چارروز قبل اسرائیل، یو اے ای اور اردن کے درمیان پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اردن کی طرف سے اس معاہدے پر وزیر برائے شمسی توانائی اور وزیر آبپاشی محمد النجار نے دستخط کیے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیات کی وزیر مریم المہری نے اور اسرائیلی کی طرف سے علاقائی تعاون کے وزیرعیساوی فریج نے شرم الشیخ میں موسمیاتی کانفرنس کی سائیڈ لائنز میں اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔