(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی "Paltel” نے آج بروز ہفتہ کو شمالی غزہ میں مکمل انٹرنیٹ بندش کا اعلان کیا ہے جو اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں 15 دنوں سے قتل عام کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔
محصور شہر غزہ میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی واحد کمپنی پیلٹیل نے ایک بیان میں مزید کہا: "شمالی غزہ کے علاقوں پر مسلسل اسرائیلی جارحیت کو دیکھتے ہوئے، ہمیں علاقے میں انٹرنیٹ خدمات کی مکمل تعطل کا اعلان کرتے ہوئے افسوس ہے۔
"مقامی نیوز پلیٹ فارمز نے جمعہ کی شام کو اطلاع دی کہ اسرائیلی قابض فوج نے شمالی غزہ گورنری میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ نیٹ ورک منقطع کر دیا۔ فلسطینی الاقصیٰ سیٹلائٹ چینل نے اپنے ٹیلی گرام پیج پر تصدیق کی کہ قابض فوج نے "شمالی غزہ کی پٹی سے مواصلاتی اور انٹرنیٹ نیٹ ورک منقطع کر دیا ہے۔” انہوں نے اشارہ دیا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی توپ خانے اور فضائی بمباری جاری ہے۔
غزہ پر جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک قابض افواج نے غزہ یا اس کے بڑے علاقوں میں متعدد بار مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات منقطع کی ہیں، شدید بمباری کے نتیجے میں مواصلاتی نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، یا ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹ انٹر نیٹ کی بندش کی وجہ بنتی رہی ہے۔