بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ دو مارچ سے شروع ہونے والی اور چھ اپریل سنہ 2026ء تک جاری رہنے والی قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد 1497 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے تحت قائم ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ یومیہ رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ زخمیوں کی تعداد بھی بڑھ کر 4639 تک پہنچ چکی ہے۔
لبنان کے مختلف علاقوں میں آج بھی قابض اسرائیل کی جانب سے مسلسل فضائی غارت گری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں مزید شہری شہید اور زخمی ہوئے اور عمارتوں و بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
وزارت نے اطلاع دی ہے کہ ضلع نبطیہ میں کفر رمان چوک پر ایک سویلین گاڑی کو نشانہ بنانے والی فضائی غارت گری کے نتیجے میں چار شہری شہید ہوئے جبکہ ملک کے جنوب میں واقع قصبے حاریص پر ہونے والے ایک اور حملے میں دو شہری جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ایک خطرناک پیش رفت کے طور پر قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی ضاحیہ پر اس وقت شدید بمباری کی جب کئی علاقوں بشمول غبیری، برج البراجنہ، حارۃ حریک، شیاح، لیلکی، حدث اور تحویطہ الغدیر کے مکینوں کو دوبارہ دھمکیاں آمیز انتباہ جاری کیے گئے۔
علاوہ ازیں جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں کو بھی فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا جن میں طیر دبا، مجدل زون، قلیلہ، دویر، دبین، بازوریہ، جمیجمہ، مجدل سلم، زبدین، قانا، حلتا اور خیام شامل ہیں۔ اسی طرح برغز، عدشیت، برعشیت، صدیقین، نبطیہ الفوقا، انصاریہ، بافلیہ، میفدون، حبوش، برج رحال، بنت جبیل، حناویہ، صربین، کفرا، حداثا، سلطانیہ، حاروف اور تول کے قصبے بھی غاصب دشمن کے نشانے پر رہے۔
یہ وحشیانہ گولہ باری مشرقی لبنان میں بقاع کے علاقوں تک بھی پھیل گئی جہاں مشغرہ، سحمر، قليا اور زلايا کو فضائی اور زمینی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران قابض اسرائیل کی فوج نے البیاضہ کے قصبے میں گھروں کو دھماکوں سے اڑانے کی کارروائیاں کیں جبکہ لبنانی فضائی حدود میں دارالحکومت بیروت تک جنگی طیاروں اور ڈرونز کی نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی شدت کے ساتھ جاری رہا۔