(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی وزیردفاع نے امریکی ہم منصب سے اہم ملاقات میں اسرائیل کو درپیش خطرات کا زکر کیا ، انکا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے ایران سب سے بڑا خطرہ ہے۔
صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع اور سابق آرمی چیف بینی گینٹز نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ اوسٹن کے ساتھ ملاقات میں واشنگٹن اور تل ابیب کو درپیش مشترکہ چیلنجوں بالخصوص ایران کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران میں لائیڈ اوسٹن نے باور کرایا کہ امریکا علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔اوسٹن کا کہنا تھا کہ میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی سلامتی کے حوالے سے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی منفرد عسکری برتری برقرار رکھنے اور علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کی قدرت کو یقینی بنانے پر کاربند ہیں۔امریکی وزیر دفاع نے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ان خطرات میں ایران، اس کے ایجنٹ اور دہشت گرد جماعتیں شامل ہیں۔