(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایرانی پاسداران انقلاب کے فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے اپنے حالیہ بیان میں اسرائیل اور امریکہ سمیت دیگر دشمن قوتوں جو فلسطین میں نہتے شہریوں کے وحشیانہ قتل عام میں ملوث ہیں کو مخاطب کرتےہوئے دعویٰ کیا کہ "ایران اس وقت اپنی طاقت کے عروج پر ہے اور اسے دھمکی نہیں دی جا سکتی”۔
انھوں نے اعلان کیا ہے کہ امریکی اڈوں پر حملوں کے دوران امریکہ "درخواست اور التجا کی زبان” کا استعمال کرتے ہوئے ایران کے ساتھ سفارتی بات چیت میں مصروف ہے۔امریکہ کو خطے میں بڑے خطرات کا سامنا ہے۔
امیر علی حاجی زادہ نے بتایا کہ جب سے ایران کی حمایت یافتہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف اعلان جنگ کیا اور امریکہ نے اپنے دفاع کے اسرائیل کے حق کی حمایت کی، عراق اور شام میں امریکی اڈوں پر کم از کم 40 پراکسی حملے ہو چکے ہیں۔
حاجی زادہ نے خطے میں بڑھتے ہوئے تنازعہ کو بھی تسلیم کیا، جس میں لبنان بھی الجھا ہوا ہے۔ حاجی زادہ نے مزید کشیدگی کے امکان پر قیاس کرتے ہوئے کہا، "مستقبل غیر یقینی ہے، لیکن ایران ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہے۔”