(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 1979 سے یوم قدس ہر سال رمضان کے آخری جمعہ جمعتہ الوداع کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی حمایت اور حفاظت کے لئے منتخب کیا گیا ہے اور پوری دنیا میں ہزاروں افراد اس دن فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
اس موقع پر قبلہ اول کی آزادی، مظلومینِ کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی و بھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد میں دربار سخی محمودؒ بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی نے آبپارہ چوک میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حُسین امامی نے کہا کہ جب تک مسلمان خود اپنے اعمال درست نہیں کریں گے یہود و ہنود کے خلاف ان کی آواز پر کوئی کان نہیں دھرے گا۔
علامہ امامی نے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا حسین مقدسی کا پیغام پیش کرتے ہوئے باور کرایا کہ یوم القدس حمایتِ مظلومین منانے کی بنیاد رکھنے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور مسلم حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کرنا ہے۔
راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے حمایتِ مظلومین ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے مرکزی کنونیئر شوکت عباس جعفری ،علمائے کرام ٹی این ایف جے کے مرکزی عہدیدار اور دیگر رہنما کر رہے تھے۔
کمیٹی چوک میں ٹی این ایف جے کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کا پیغام پڑھ کرسنایا جس میں انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ شوکت جعفری نے کہا کہ مسلمان ملتِ واحدہ ہیں، ہمیں اصولی معاملات میں ایک ہو کر کفر کا مقابلہ کرنا پڑیگا۔چوہدری مشتاق حسین ، علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی نے بھی خطاب کیا۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کیلئے ایس یو سی کی جانب سے القدس ریلیاں نکالی گئیں، شہر قائد میں شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کی جانب سے ریگل تا کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں مرد، خواتین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں شہریوں نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
یمن میں، درجنوں فلسطینیوں نے صنعاء میں ایک مرکزی احتجای ریلی میں شرکت کی جس میں مسجد اقصیٰ، فلسطینی عوام اور ان کے مزاحمت کے حق کی حمایت کرنے والے فلسطینی پرچم اور نشانات اٹھائے۔
اس کے علاوہ بحرین ،الجیریا، مصر ،اور قطر میں بھی عوام نے ریلیوں کا اہتمام کیا جس میں فلسطین پر صہیونی ریاست کے قبضے کی مذمت کی۔
صہیونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے امریکہ کی کئی ریاستوں میں احتجاجی ریلیوں اور تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ، جرمنی، اٹلی، فرانس، ناروے، سمیت دیگر کئی ممالک میں بھی صہیونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف اور مسجد اقصیٰ کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں اور تقاریب منعقد کی گئیں۔