(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پاکستانی وفد کے اسرائیل دورہ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی کے زیر اہتمام شہر بھر میں بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کھارادر خوجہ اثنا عشری مسجد کے باہر کیا گیا۔ احتجاجی مظاہروں میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل نامنظور، اسرائیل جانے والے پاکستانیوں کی تصویروں پر خائن اور غدار سمیت مردہ باد امریکہ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے جبکہ پاکستانی وفد میں شامل افراد کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے۔ مظاہرین سے مجلس وحدت مسلمین کی قائدین مولانا صادق جعفری، مولانا ملک عباس سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے بھی خطاب کیا۔
شرکائے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد نے اسرائیل دورہ کر کے نظریہ پاکستان کی توہین کی ہے اور بائیس کروڑ عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر پاکستان عارف علوی سمیت چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور افواج پاکستان کے سپہ سالار سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے آئین اور نظریات کی دھجیاں اڑانے والے سابق چیئر مین پی سی بی نسیم اشرف سمیت میڈیا چینل سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ رہنماؤں نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستانی شہریوں کی شہریت ختم کرنے ک مطالبہ کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سیاست دانوں سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اسرائیل لابی کی سرگرمیوں کے خلاف موثر قانون سازی کریں اور پاکستان میں اسرائیل لابی کے لئے کام کو سنگین غداری قرار دیا جائے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپنے محبوب قائد، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے سنہرے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں اور بانیان پاکستان کے نظریات اور افکار کی توہین کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا بھی جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
اس موقع پر انہوں نے عرب امارات کی جانب سے مسلسل پاکستانی وفود کو اسرائیل دورہ کروانے کی انتظامات کرنے جیسے اقدامات کو پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش قرار دیا اور عرب حکمرانوں جو متنبہ کیا کہ وہ اپنے گھناؤنے کھیل میں پاکستان کو نشانہ بنانے سے گریز کریں ورنہ عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا توسنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
مظاہرین نے اس موقع پر مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظور ، اور اسرائیل جانے والے شہریوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔