(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے نقصان چھپانے کیلئے دھوئیں کے بم داغے اور جنوبی لبنان میں کفر شوبا اور مرکابہ میں لبنانی حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی۔
لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ تحریک نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سرحد پرواقع کفر شوبا پہاڑیوں میں رویسات العلم کے مقام پر ایک اسرائیلی فوجی قافلے کو گھات لگا کر گائیڈڈ ہتھیاروں، توپ خانے اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو اسرائیلی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن نے نقصانات کو چھپانے کے لیے دھواں چھوڑنے والے گولے داغے اور تنظیم کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی۔
قبل ازیں حزب اللہ نے اسی علاقے میں اسرائیلی فوجی قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے طیارے نے "تھوڑی دیر پہلے” لبنان سے شمالی اسرائیل کی طرف دو ٹینک شکن میزائلوں کے داغے جانے کی نشاندہی کے بعد حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی تھی۔