حماس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بیروت میں لبنانی صدر سےملاقات کی ہے ، ملاقات میں مقبوضہ ، مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ سے متعلق پیش رفت کے علاوہ مسلمانوں اور عیسائیوں کے مقدس مقامات کے خلاف صہیونی انتظامیہ کی اشتعال انگیز کارروائیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ لبنان کےدارالحکومت بیروت میں لبنانی صدر ميشال عون سے ملاقات کی ، اسماعیل ھنیہ نے لبنانی صدر کو لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں سلامتی اور استحکام کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
فلسطینی وفد کی لبنانی صدر ميشال عون سے ملاقات، بیروت دھماکوں پر اظہار افسوس
ملاقات میں اسماعیل ھنیہ نے خطے میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں اور معمول کے مطابق علاقائی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے چیلنجوں کے مقابلے میں عرب پوزیشن کو مضبوط کرنا ناگزیر ہے ۔
حماس کے سربراہ نے لبنان میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے بات چیت کرتےہوئے ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں ان کے انسانی حقوق دینے پر زور دیا۔
لبنانی صدر ميشال عون حماس کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ مقصد کی حمایت میں اپنے ملک کے موقف کی توثیق کی۔