(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فوجی افسران نے خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی دستوں کی تعداد میں نمایاں کمی کا سامنا کر رہے ہیں، یہاں تک کہ بعض کمپنیاں مکمل طور پر غائب ہو چکی ہیں، اسرائیلی فوجی غزہ میں حماس کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ کچھ بریگیڈز میں تقریباً 30% کمی آ چکی ہے، جس سے فوجی آپریشنز میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی اخبار "یدیعوت احرونوت” نے ایک اعلیٰ افسر جو کہ ایک بکتر بند یونٹ کے احتیاطی بریگیڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، کے حوالے سے لکھا ہے کہ "اگرچہ جنگ دوبارہ شروع ہو رہی ہے، مگر میں اپنی یونٹ کی صفوں کو دوبارہ نہیں بھر سکتا: ‘ہمارے لیے احتیاطی فوجی بھرتی کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ ہم یہ ہر کال پر محسوس کرتے ہیں، یہ حالات پہلے جیسے نہیں ہیں۔'”
اسرائیلی فوج جہاں اہلکاروں کی غیر معمولی کمی کا سامنا کررہی ہے وہیں غاصب صیہونی ریاست کے شدت پسند وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یسرائیل کاٹس نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے باشندوں کو مزید قتل اور شدت پسندی کی دھمکیاں دی ہیں، جو فوجی بحران کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔
افسر نے مزید کہا کہ وہ اپنے بریگیڈ میں 30% کمی کا سامنا کر رہے ہیں، "اگر ہمیں مکمل فوجی قوت کی ضرورت ہو تو ایسی صورتحال میں مجھے ہر بریگیڈ میں کم سے کم 15 افسران کی ضرورت ہے تاکہ ہر فوجی کو قدرتی طور پر آرام کا وقت مل سکے دو ہفتے قبل جب ہم نے کام شروع کرنا تھا، میرے پاس صرف پانچ افسر ہیں، اور اگر میں پانچ مزید افسران نہیں لا سکا تو یہ ایک بہت بڑی مشکل ہوگی۔ ہمارے پاس مکمل کمپنیاں غائب ہو چکی ہیں کیونکہ ان کے پاس نہ تو کمپنی کمانڈر ہیں اور نہ ہی نائب کمانڈر۔
اگر میں لوگوں کو نہیں لا سکا تو ہم کم لوگوں کے ساتھ کام کریں گے۔ میرا خوف یہ ہے کہ جو بھی آئے گا وہ طویل گھنٹوں تک کام کرے گا اور پھر کہے گا کہ وہ مزید نہیں چل سکتا اور وہ بھی چھوڑ دے گا۔ یہ ایک بہت بڑی پریشانی ہے جس پر ہمیں دھیان دینا چاہیے۔”
دوسری طرف، دوسرے افسران نے بھی اگلے جنگی مراحل کے لیے فوجیوں کی بھرتی میں مشکلات کا سامنا کرنے کی بات کی اور خبردار کیا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر اور سنجیدگی سے حل کرنا ضروری ہے۔ ایک افسر نے کہا، "یہ وہ معروف وجوہات ہیں جن کی وجہ سے لوگ فوج میں شامل نہیں ہو رہے،
تمام افسران جنہوں نے اخبار سے بات کی، کا کہنا تھا کہ احتیاطی فوجی دستوں کی بھرتی کی شرح 50 سے 70 فیصد تک محدود ہو گئی ہے، جو کہ اب ایک استثنائی بات بن چکی ہے، اور انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اس کا بوجھ فوجیوں پر بڑھ رہا ہے۔ ایک افسر نے کہا کہ "میرے فون کالز فوراً ختم ہو جاتی ہیں، جب وہ سنتے ہیں کہ یہ میں ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ وہ مزید نہیں کر سکتے۔
ایک کمانڈر جس نے غزہ میں نسل کشی کی دو جنگوں میں حصہ لیا اور حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے منتقل ہو گیا، نے اسی طرح کی مشکلات کا ذکر کیا۔ انہوں نے عبرانی اخبار کو بتایا، "یہ ایک حقیقی بحران ہے۔ اتنی طویل جنگ لڑنا آسان نہیں ہے۔ ہم سب کا حوصلہ بلند ہے، مگر ہم لوگوں کو سمجھتے ہیں، یہ ایک بہت پیچیدہ صورتحال ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ جنگ کے بعد فوجیوں کی بھرتی کی شرح کم ہو رہی ہے… ہم ان پر الزام نہیں لگا سکتے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سب کچھ چھوڑا اور 300 دنوں سے زیادہ عرصے سے جنگ میں شریک ہیں۔”