(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) آج صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے شہر حیفا کے جنوب میں واقع يكنعام علاقے کے قریب فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک صیہونی آبادکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
صیہونی میڈیا کے مطابق، یہ حملہ ایک بس اسٹیشن پر ہوا جہاں حملہ آور نے متعدد افراد کو گاڑی تلے روندھ ڈالا اور پھر فائرنگ کی۔ اس واقعے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
اسرائیلی پولیس نے اس حملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے سب سے پہلے بس اسٹیشن پر پہنچ کر لوگوں پر حملہ کیا، پھر وہاں سے گزرنے والی گلی میں فائرنگ شروع کردی۔ زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
عبرانی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فوراً حملہ آور پر فائرنگ کی اور اسے قابو کرلیا۔ پولیس نے مجرم کی شناخت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم اسرائیلی چینل 15 نے اشارہ کیا ہے کہ وہ شخص اسرائیل کے اندرونی علاقے سے تعلق رکھتا تھا۔
يكنعام کی بستی 1950 میں قائم ہوئی تھی اور اب یہ جدید ٹیکنالوجی کمپنیوں کا مرکز بن چکی ہے، جہاں سو سے زائد ہائی ٹیک کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔
اس حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے اس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابھی تک اس واقعے کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔