(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) زیاد النخالہ نے کہا کہ فلسطینی مجاہد شہدا کے ان ہی دشوار گزار رستے کو آگے بڑھاتے اورشہادت کی میراث کی حفاظت کرتے ہوئے بلا خوف و خطر قدم اٹھا رہے ہیں۔
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے بانی جہاد اسلامی شہید ڈاکٹر فتحی شقاقی کے چھبیسویں یوم شہادت کے موقع پراپنے بیان میں کہا ہے کہ جب تک اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ جاری رہے گا، غاصب صیہونی آبادکار سکھ کا سانس نہیں لے پائیں گے۔
انہوں نے تمام مزاحمتی قوتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم غزہ کے محاصرے کو توڑنے میں سنجیدہ ہیں تو ہمیں غزہ کے استحکام اور اس کے محاصرے کے خاتمے کوغاصب یہودی بستیوں کے استحکام کے ساتھ جوڑ نا ہےاور اس وقت تک صہیونی کو چین سے نہیں رہنے دینا ہے کہ جب تک غزہ کا محاصرہ اٹھا نہ لیا جائے۔
انہوں نے امت مسلمہ سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتےہوئے کہا کہ وہ فلسطینی قوم کےخلاف غیرقانونی بستیوں کی تعمیر کے ذریعے کی جانے والی جارحیت، ان کی زمینوں کے غیرقانونی الحاق اور بیت المقدس و مسجد اقصی میں انجام دی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوائنے میں اپنا حقیقی کردار نبھائے۔