(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک ہفتے میں 6 شہری قتل ہونے پر بھارتی تحقیقاتی ٹیم نے سکھ اساتذہ کے قتل کی جانچ پڑتال کے لیے کشمیری علاقوں کا بدترین کریک ڈاؤن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھارتی فورسز نےمختلف علاقوں جن میں سرینگر، شوپیاں، بڈگام، گاندر بل، پلوامہ ، اسلام آباد، کولگام، بارہمولہ شامل ہیں غیر معمولی کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ72 گھنٹوں میں 900سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی فوج کی یہ کارروائیاں مقبوضہ کشمیر کی گلیوں گلیوں میں ہورہی ہیں جن میں بھارتی دہشت گرد پورے علاقے کامحاصرہ کرکے کشمیریوں کو گھروں سے نکال کروحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور حراست میں لیکر نامعلوم عقوبت خانوں میں منتقل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک ہفتے میں 6 شہری قتل ہونے پر کریک ڈائون شروع کیا گیاہے جس میں بھارتی تحقیقاتی ٹیم نے دوسکھ اساتذہ کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں سری نگر میں تقریباَ70 نوجوان، گاندربل 45 ، جنوبی کشمیر میں 46 افراد گرفتار کیے گئے جن میں صرف شوپیاں سے تعلق رکھنے والے 40 نوجوان شامل ہیں۔ بیجبہاڑہ ایک درجن، ضلع بڈگام میں 20 سے 30 افرادگرفتار، کولگام میں تحریک حریت کے کئی کارکنوں کو تحقیقات کے لیے بلایا گیا۔