(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر جاری جنگ فوری طور پر بند کرے اور امدادی سامان کو متاثرہ علاقوں تک بلا رکاوٹ رسائی دے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ناگزیر ہے تاکہ دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی امداد کو روکنا ناقابلِ قبول ہے اور اقوامِ متحدہ امدادی قافلوں کی فوری فراہمی کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں میں ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان ڈوجارک نے زور دیا کہ ہر انسان کو باوقار زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، اور غزہ میں صورتحال انتہائی خوفناک اور تشویشناک شکل اختیار کر چکی ہے۔
یونیسف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کو جبری نقل مکانی کے آلے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جو اخلاقی تباہی کی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمال سے جنوب تک نقل مکانی کو ایک مجبوری بنا دیا گیا ہے جو موت اور زندگی کے درمیان ناممکن انتخاب جیسا ہے۔