(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)سات اکتوبر 2023 سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر جاری صیہونی دہشتگردی کے خلاف دنیا بھر میں مکمل ہڑتال کی اپیلیں کی جا رہی ہیں، غزہ کی قومی اور اسلامی قوتوں کی کمیٹی نے صیہونی جارحیت کے خلاف فعال اور مؤثر احتجاجی کارروائیوں کی اپیل کی ہے تاکہ صیہونی ریاست اور اس کے حمایت کنندگان پر دباؤ ڈالا جا سکے اور غزہ کے عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو روکا جا سکے۔
کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا، "یہ آواز ہر زخمی بچے، ہر غمزدہ عورت، اور ہر پست ہو جانے والے بزرگ کی طرف سے ہے، جو عالمی عرب اور اسلامی امت سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ غزہ کے عوام کے حق میں اور امریکہ کی حمایت سے ہونے والی اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائیں۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں مظاہروں، احتجاجی کارروائیوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ اسرائیلی اور امریکی سفارت خانوں کا محاصرہ کیا جا سکے، اسرائیل کو سپلائی لائنز کاٹ دی جائیں اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کی بحالی کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔
کمیٹی نے کہا کہ "غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے، اور عرب و اسلامی ممالک کا ردعمل مکمل طور پر خاموش ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست کی تسلط پسندی کا مقصد صرف غزہ یا غرب اردن نہیں بلکہ پورے عرب اور اسلامی علاقے کو کنٹرول میں لانا ہے۔
شہر ام الفحم میں ہفتہ کی شام فلسطینی علاقے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہریوں نے غزہ کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کی۔
یہ مظاہرہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک تسلسل میں تھا، جس میں فلسطینی شہریوں نے اپنی آواز بلند کی اور غزہ کے عوام کی حمایت کی۔
غزہ کے ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 60 شہداء اور 162 زخمیوں کو پہنچایا گیا ہے، اور ابھی بھی کئی متاثرین ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، جن تک ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ نہیں پہنچ سکتا۔
غزہ میں 18 مارچ 2025 سے دوبارہ شروع ہونے والی اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 1,309 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 3,184 ہو چکی ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 50,669 فلسطینی شہید اور 115,225 زخمی ہو چکے ہیں۔