(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مصری حکام کی جانب سے اسرائیلی و فلسطینی قیادت کو قاہرہ میں مذاکرات کی دعوت کا مقصد غزہ کی تعمیر نو اور طویل البنیاد جنگ بندی کی بحالی سمیت اہم موضوعات کا مستحکم حل نکالنا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان کے مطابق گذشتہ روز مصری حکام کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں قابض ریاست اسرائیل اور غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت کو قاہرہ میں 11روزہ لڑائی کے بعد جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے مذاکرات کی پیش کش کی گئی ہے جس کا مقصد علاقے میں طویل البنیاد جنگ بندی کی بحالی اور غزہ کی تعمیر نو سمیت حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کی رہائی جیسے موضوعات کو زیر بحث لانا ہے اور ان کا پختہ سیاسی حل نکالنا ہے۔
اس حوالے سے مصری وفد کی جانب سے رام اللہ اور غزہ میں حماس اور اسرائیلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی گئی ہیں اور اسرائیل و فلسطینی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔
خیال ہےکہ مصری پیش کش پرفلسطین اور اسرائیل کے مابین ان مذاکرات میں اسرائیل کی جانب سے سلامتی کونسل کے صدر میئر بن شات اسرائیل کی قیادت کریں گے۔