(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کی ایجنسی "اونروا” کے کمشنر جنرل فلیپ لازارینی نے کہا ہے کہ غزہ تک پہنچنے والی امداد "بھوسے کے ڈھیر میں سوئی” کے برابر ہے، جو موجودہ انسانی بحران کی شدت کو نمایاں کرتی ہے۔
اپنے بیان میں، جو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری کیا، لازارینی نے کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے 2 مارچ کو تمام سرحدی راستے بند کیے جانے کے بعد امدادی قافلوں کی ترسیل تقریباً بند ہو چکی ہے، جس سے محصور غزہ کے عوام مزید مصیبت میں آ گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ غزہ کے لاکھوں افراد 11 ہفتوں سے بھوک، پیاس اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جب کہ جنگ سے تباہ حال علاقوں میں معصوم بچوں اور بزرگوں کی فریادیں سننے والا کوئی نہیں۔
لازارینی کے مطابق، روزانہ 500 سے 600 امدادی ٹرکوں کی ضرورت ہے، جو صرف اقوام متحدہ اور اونروا کے ذریعے ہی شفاف طریقے سے پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امداد کی فراہمی نہ صرف ایک انسانی ضرورت بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری ہے، اور اس سے غفلت برتنا لاکھوں جانوں کے ضیاع پر خاموشی کے مترادف ہے۔