(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آج صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں صیہونی فوج نے چار فلسطینیوں کو اغوا کیا جبکہ ایک کارروائی کے دوران متعدد کو زخمی کر دیا۔
فلسطینی مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے آج صبح چار فلسطینی نوجوانوں کو اس وقت اغوا کیا جب وہ اریحا شہر جاتے ہوئے ایک فوجی چوکی کو عبور کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چاروں نوجوانوں کو صیہونی فورسز نے تلاشی کے نام پر روکا اورغیر انسانی سلوک پر احتجاج کرنے پر اپنے ہمراہ اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
دوسری جانب غاصب فورسز نے جنین کے مشرق میں واقع فقوعہ قصبے پر حملہ کیا اور فلسطینیوں کے گھروں پر آنسو گیس کے گولے داغے۔درجنوں فلسطینیوں کو آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں علاقے میں تصادم شروع ہو گیا اور متعدد فلسطینی زہریلی گیس کے باعث بے ہوش ہوگئے۔