(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی جیل سے رہائی کے بعد خالدہ جرار نے اپنی بیٹی کی قبر پر حاضری دی جو ان کی اسیری کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی خاتون رہنما اور قانون ساز خالدہ جرار آج ڈھائی سال بعد اسرائیلی قابض زندانوں سے رہائی پانے میں کامیاب ہوگئیں۔
صہیونی جیل سے رہا ہونے کے بعد فلسطینی رہنما نے سب سے پہلے اپنی بیٹی کی قبر پر حاضری دی جو خالدہ جرار کی قید کے ایام میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملی تھیں اور جن کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے خالدہ جرار کو صہیونی جیل انتظامیہ کی جانب سےاجازت نہ ملنے پر عوام کی جانب سے شدید احتجاج کا سامنا کر نا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ 58 سالہ خالدہ جرارکو اس سے قبل بھی فلسطینی جماعت پاپولر فرنٹ فور دی لبریشن آف فلسطین (پی ایف ایل پی) کا سینئر رکن ہونےکے الزام سمیت فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کی پاداش میں کئی مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔